لاہور( این این آئی)ملک بھر میں سائبرجرائم سے متعلق درخواستوں میں بے پناہ اضافہ ہو گیا ، ایک سال میں ایک لاکھ سے زائد درخواستیں وصول ہوگئیں۔ رپورٹ کے مطابق یکم جنوری 2021 سے 31 دسمبر 2021 تک ایف آئی اے کو پاکستان بھر سے 102365 سائبر کرائم کی درخواستیں موصول ہوئیں جن میں 32 فیصد درخواستیں طلبہ کی جانب سے دائر کی گئیں۔ ان میں سے 80641 درخواستوں
کی تصدیق کی گئی اور 15932 درخواستیں ایف آئی اے کی جانب سے تفتیش کے لیے رکھے گئے معیار پر پورا اتریں جن پر کارروائی کرتے ہوئے ایف آئی اے نے 1300 ملزمان کو گرفتار کیا۔ نیشنل رسپانس سینٹر فار سائبر کرائم کی جانب سے سائبر جرائم کے متعلق ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کوئی جرم جو کمپیوٹر یا کسی اور ڈیجیٹل ڈیوائس سے انٹرنیٹ کے ذریعے کیا گیا ہو وہ سائبر جرم سمجھا جاتا ہے ۔