لاہور( این این آئی )معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب حسان خاور کی زیر صدارت محکمہ سیاحت کا اجلاس منعقد ہوا جس میں مری کی سیاحت کے حوالے سے کمیٹی کی
سفارشات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مری میں آئندہ حادثات کی روک تھام اور رش کو کنٹرول کرنے کے ضمن میں اہم فیصلے کئے گئے۔ اجلاس میں زائد نرخ وصول کرنے والے ہوٹلوں پر بھاری پلنٹی ڈالنے کی منظوری دی گئی جبکہ ہوٹلوں کی رجسٹریشن کا نظام مزید موثر بنانے، غیر رجسٹرڈ ہوٹلوں کے خلاف کارروائی کی بھی منظوری دی گئی۔ حسان خاور نے کوٹلی ستیاں، نڑھ، پنج پیڑھ اور اے ڈی پی میں شامل دیگر سکیموں کی جلد از جلد تکمیل کی ہدایات دیں اور تمام سیاحتی مقامات کی زون وائز رپورٹیں بھی طلب کیں۔ اجلاس میں ڈیسٹینیشن مینجمنٹ پلان بنانے اور ڈیجیٹل ٹریفک مانیٹرنگ کا نظام لانے پر بھی سیر حاصل مشاورت ہوئی۔ اجلاس میں مری کیلئے اسپیشل ایمرجنسی رسپانس یونٹ اور دیگر سیاحتی مقامت کیلئے ایمرجنسی رسپانس سیل کے قیام کے علاوہ سیاحتی مقامات کے اے سیز کو مزید بااختیار بنانے کیلئے لائحہ عمل طے کیا گیا۔