سڈنی (این این آئی)آسٹریلیا کے سابق لیگ اسپنر شین وارن اور انگلینڈ کے سابق ٹیسٹ کپتان مائیکل وان بھی آسٹریلوی ٹیم کے دورہ پاکستان کے حق میں بول پڑے ۔ایک انٹرویومیں دونوں نے اس بات پر زور دیا کہ کرکٹ کے بڑے ممالک کو پاکستان جیسے ممالک کا دورہ کیوں کرنا چاہیے
اور اس کھیل کے فروغ دینے کی ذمہ داری انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی بھی ہے۔شین وارن نے کہا کہ آسٹریلیا کا دورہ پاکستان انتہائی اہم ہے ،پاکستان، سری لنکا، بنگلا دیش اور اس طرح کی جگہوں پر جانے کیلئے آپ کو آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، انڈیا اور انگلینڈ کی ضرورت ہے۔انہوںنے کہاکہ جوش و خروش، پھر پیسہ اور ٹی وی کے حقوق کی آمدنی سے آتا ہے،ٹیموں کیلئے وہاں جانا واقعی اہم ہے۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ پاکستانی ٹیم کے کچھ کھلاڑیوں نے پاکستان میں کوئی ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا۔انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے کہا کہ دی بگ 3 (انڈیا، آسٹریلیا، انگلینڈ) کے پاس تمام پیسہ ہے اور ان کیلئے دوسرے ممالک کی دیکھ بھال کرنا ضروری ہے، لہذا آسٹریلیا کسی بھی طرح پاکستان کا دورہ کر سکتا ہے ،جب اسے سیکورٹی کے لیے گرین سنگل مل جائے۔