اسلام آباد (این این آئی)سیاحوں اور مقامی افراد کی 27000 گاڑیاں مری داخل ہو ئیں ۔نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس کے مطابق سیکٹر کمانڈر سجاد حسین نے کہاکہ مسلسل برفباری اور پھسلن کے باعث سیاح غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔سیکٹر کمانڈرسجاد حسین نے کہا کہ روڈ پر برف جم جانے اور پھسلن کے باعث ٹریفک کی روانی متاثرہوئی،سیاح احتیاط کریں ۔انہوں نے کہاکہ
مسلسل برف باری اور گاڑیوں کی تعداد میں اضافہ کے باعث روڈ سے برف ہٹانے میں مشکلات پیش آرہی ہیں ،نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس ٹریفک روانی کو برقرار رکھنے کے لیے بھرپور محنت کر رہی ہے۔سیکٹر کمانڈر سجاد حسین نے کہا کہ مری آنے والے سیاح برفباری اورپھسلن کے باعث ٹائر پر چین کا استعمال کریں،مری آنے سے پہلے گاڑی کا ٹینک فل کروالیں ۔ انہوںنے کہاکہ محکمہ ہائی وے کے ساتھ مل کر روڈ پر نمک پاشی کی جارہی ہے ،موٹروے پولیس سٹاف تمام ٹول پلازہ جات اور سڑک پر جگہ جگہ روڈ یوزرز کو بریف کر رہے ہیں دوسری جانب ایبٹ آباد سے مری کو ملانے والی مرکزی شاہراہ کنڈلہ میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بند ہو گئی۔ترجمان گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے)احسن حمید کے مطابق گلیات میں سیاحوں کی کثیر تعداد موجود ہے اور سیاحوں سے گزارش ہے کہ وہ مزید سفر نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ گلیات میں موجود سیاح حفاطتی تدابیر اختیار کریں جبکہ سڑک کنارے غلط پارکنگ روڈ کلیئرنس میں بڑی وجہ ہے اور شدید برفباری کے باعث روڈ کو فوری طور پر صاف کرنا ممکن نہیں ہے۔ترجمان جی ڈی اے نے کہا کہ سیاح توحید آباد اور ڈونگا گلی کے درمیان سفر سے اجتناب کریں۔دوسری جانب مری میں تیز برف باری کا سلسلہ جاری ہے اور سیاحوں کی سہولت کے لیے ٹریفک پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ٹریفک پولیس کے مطابق صبح سے اب تک 27 ہزار سے زائد گاڑیاں مری میں داخل ہو چکی ہیں اور برفباری کے دوران پھسلن کے باعث ٹریفک آہستہ چل رہی ہے جبکہ ٹریفک اہلکار ہائی وے مشینری کے ساتھ برف ہٹانے میں مصروف ہیں۔