اسلام آباد (آن لائن) بلوچستان کی ساحلی پٹی شدید بارشوں کی زد میں آنے کے بعد گزشتہ 96 گھنٹوں سے پاکستان آرمی، نیوی اور ایف سی کے دستے ضلع گوادر میں ریسکیو
اور ریلیف کی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کولنچ، سردشت اور سن اسٹار وادیوں کے الگ تھلگ دیہاتوں میں خصوصی امدادی سرگرمیاں شروع کی جا رہی ہیں۔ گوادر اولڈ ٹاؤن بھی پانی نکالنے کے آپریشن کا مرکز رہا۔ آرمی، ایف سی، پاکستان کوسٹ گارڈز نے طبی کیمپ قائم کیے ہیں اور سیلاب متاثرین میں راشن تقسیم کیا ہے۔ PDMA نے دور دراز علاقوں میں آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹروں کے ذریعے خیمے، کمبل اور راشن فراہم کیا ہے۔ پھنسے ہوئے خاندانوں تک پہنچنے اور دور دراز کے علاقوں تک امداد پہنچانے کے لیے نقصان کا تخمینہ بھی جاری ہے۔ پسنی کی آبادی کی مدد کے لیے راشن،کپڑوں سے لدی پی اے ایف سی 130 طیارہ بھی روانہ کیا گیا ہے۔