اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان ٹیلی ویژن کی درخواست نمٹاتے ہوئے سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں ڈسٹرکٹ کلکٹر اسلام آباد کو عطاء الحق قاسمی، پرویز رشید، اسحاق ڈار اور فواد حسن فواد سے 19 کروڑ روپے کی ریکوری کا حکم دیا ہے
اور ہدایت کی ہے کہ 19 کروڑ روپے کی ریکوری کر کے تین ماہ میں رپورٹ جمع کرائی جائے۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے درخواست نمٹاتے ہوئے پانچ صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا ہے۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے 8 نومبر 2018ء کو عطاء الحق قاسمی کی بطور چیئرمین پی ٹی وی تعیناتی کالعدم قرار دی تھی اور غیر قانونی تعیناتی کے ذمہ داروں سے 19 کروڑ روپے کی ریکوری کا حکم دیا تھا۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے اس سلسلہ میں پاکستان ٹیلی ویژن کی درخواست نمٹاتے ہوئے چیف کلکٹر اسلام آباد کو ریکوری کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ اس فیصلہ کی روشنی میں عطاء الحق قاسمی کل رقم کا 50 فیصد، پرویز رشید اور اسحاق ڈار نے 20، 20 فیصد اور فواد حسن فواد نے 10 فیصد ادائیگی کرنا ہے۔ تحریری فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ لینڈ ریونیو ایکٹ کے تحت پی ٹی وی رقوم ریکور کر سکتا ہے۔