اسلام آباد ، لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ، این این آئی) آٹا‘ دال‘ ادویات‘ چینی کے علاوہ بناسپتی گھی اور پکانے کے تیل کی قیمتیں آل ٹائم ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ روزنامہ جنگ میں حنیف خالد کی شائع خبر کے مطابق کوکنگ آئل کی قیمت
400روپے لٹر سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔ جڑواں شہروں میں کیش اینڈ کیری سٹورز پر کوکنگ آئل چار سو روپے فی لٹر برسر عام فروخت ہو رہا ہے جبکہ گلی محلے کے دکاندار چار سو دس روپے فی لٹر فروخت کر رہے ہیں۔دوسری جانب کوکنگ آئل کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کر ادی گئی ۔ مسلم لیگ (ن) کی رکن عنیزہ فاطمہ کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ ایک بار پھر کوکنگ آئل کی قیمت میں فی لٹر9روپے اضافہ کر دیا گیا ،حکومت عوام کی مشکلات کو کم کرنے میں مکمل طور پر بناکام اور بے بس نظر آتی ہے، کئی دالوں کی قیمتیں ٹرپل سنچری مکمل کرچکی ہیں،مہنگائی سے پریشان عوام اضافی بجٹ کے باعث پہلے ہی سسک رہے ہیں ، مطالبہ ہے کہ کوکنگ آئل کی قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لیا جائے۔