راولپنڈی (آن لائن )آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دنیا اور خطہ غیر مستحکم افغانستان برداشت نہیں کر سکتا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی خصوصی نمائندے برائے افغانستان تھامس ویسٹ
نے ملاقات کی ہے ۔ ملاقات میں افغانستان کی حالیہ سیکیورٹی صورتحال، اسی حوالے سے دو طرفہ تعاون سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی۔ دوران ملاقات رمی چیف نے او آئی سی وزرائے خارجہ کے 17ویں غیر معمولی اجلاس میں شرکت پر امریکی نمائندہ خصوصی کا شکریہ ادا کیا جبکہ امریکی نمائندہ خصوصی نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں تھامس ویسٹ نے موثر پاک افغان بارڈر مینجمنٹ کی خصوصی کوششوں پر پاکستان کی تعریف کی جبکہ امریکی نمائندے نے او آئی سی وزرائے خارجہ کے غیر معمولی اجلاس کے انعقاد کی کوششوں پر بھی پاکستان کو سراہا۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نیکہا کہ دنیا اور خطہ غیر مستحکم افغانستان برداشت نہیں کر سکتا، افغانستان میں بڑھتے ہوئے انسانی بحران کو ٹالنے کے لیے عالمی ہم آہنگی و کوششیں انتہائی ضروری ہیں۔