کراچی (آن لائن)جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنما قاری محمد عثمان نے کہا کہ خیبر پختون خواہ میں اصل تبدیلی کا آغاز ہوچکا ہے۔ پوری قوم کو بلدیاتی انتخابات میں جمعیت علماء اسلام کی شاندار فتح مبارک ہو۔ عوام نے عمرانی ٹولے کو مسترد کردیا ہے۔سلیکٹڈ طبقے کو سمندر برد کرنے کے عمل کا کے پی کے سے آغاز ہوچکا ہے۔
مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں پورے ملک سے تبدیلی کا جنازہ پڑھ کر دم لیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبر پختون خواہ کے بلدیاتی انتخابات میں جمعیت علماء اسلام کی تاریخ ساز کامیابی پر کارکنان جمعیت اور قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کیا۔ قاری محمد عثمان نے کہا کہ صبح نو کا آغاز ہوچکا ہے۔ عوام کا شعور اب بیدار ہوچکا ہے۔ جعلی اور سلیکٹڈ طبقے کو عوام نے ان کے گھر میں ہی شکست فاش سے دوچار کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمٰن نے جو تحریک شروع کی تھی اس کے ثمرات آنا شروع ہوگئے ہیں۔ عوام نے ملک دشمن، کشمیر اور ضمیر فروشوں کو دن میں تارے دکھادئے ہیں۔ پوری قوم مولانا فضل الرحمن کے بیانیے پر متحد ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تو ابتداء ہے، ابھی باقی صوبے باقی ہیں۔ پورے ملک سے پی ٹی آئی کا صفایا کریں گے۔ ان شاء اللہ عام انتخابات میں پورے ملک میں کامیابی کے جھنڈے گاڑیں گے۔ قاری محمد عثمان نے کہا کہ پشاور میں حافظ زبیر علی کی تاریخ ساز فتح پی ٹی آئی کی سیاسی موت ہے۔ صوبہ خیبر پختون خواہ کے اکثریتی اضلاع میں جمعیت علماء اسلام کو واضح برتری حاصل ہے۔ قاری محمد عثمان نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ڈسکہ والا عمل عمرانی ٹولے کو مہنگا پڑے گا۔ اگر نتائج پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی گئی تو حالات کی خرابی کی تمام تر ذمہ داری نااہل اور جعلی حکومت پر ہوگی