بیجنگ(این این آئی)چین کی بایو فارماسیوٹیکل کمپنی گوانگ ڈونگ شوانگ لِین بائیو فارماسیوٹیکل کمپنی لمیٹڈ، جو پی ایل بی آئی او کی ذیلی کمپنی ہے نے اعلان کیا ہے کہ اس کی تیار کردہ انٹراوینس امیونوگلوبلِن (pH4) کو پاکستان میں فروخت کے لیے باضابطہ منظوری دے دی گئی ہے۔چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق ادویات کی رجسٹریشن کا سرٹیفکیٹ پاکستان کی وزارتِ قومی صحت خدمات، ضوابط و ہم آہنگی اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کی جانب سے مشترکہ طور پر جاری کیا گیا۔ اس منظوری کے بعد پاکستان میں جدید حیاتیاتی علاج کی سہولیات تک رسائی خاص طور پر مدافعتی نظام سے متعلق بیماریوں کے علاج میں اضافہ ہوگا۔
چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق کمپنی نے مقامی تقسیم کار ادارے 3A Diagnosticsکے ساتھ خصوصی لائسنسنگ اور سپلائی معاہدہ بھی طے کیا ہے جس کے ذریعے اس دوا کو پاکستانی مارکیٹ میں متعارف کرایا جائیگا تاہم کمپنی نے واضح کیا کہ اگرچہ یہ دوا مقامی سطح پر دستیاب ہے، پاکستان میں اب تک پلازما فیرسس کے مراکز قائم نہیں کیے گئے ہیں۔انٹراوینس امیونوگلوبلِن (pH4) انسانی پلازما سے تیار کردہ ایک جراثیم سے پاک اور خالص دوا ہے جس میں بنیادی طور پر IgG اینٹی باڈیز شامل ہوتی ہیں۔ یہ دوا مدافعتی نظام کی کمی کے شکار مریضوں میں اینٹی باڈیز کی کمی پوری کرنے اور خودکار مدافعتی بیماریوں میں غیر معمولی مدافعتی ردِعمل کو قابو میں رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے معیار پر پورا اترنے والی اس دوا کی پاکستان میں دستیابی سے پرائمری امیونوڈیفیشنسی، خودکار مدافعتی امراض اور شدید انفیکشنز جیسے امراض کے علاج کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔ یہ شراکت داری پاکستان کے فارماسیوٹیکل سپلائی چین کو مضبوط بنانے، ضروری ادویات کے ذرائع میں تنوع پیدا کرنے اور چین و پاکستان کے درمیان صحت کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔















































