اسلام آباد(این این آئی)صحافی سمیع ابراہیم نے فواد چوہدری کے خلاف نااہلی کیس واپس لینے کی استدعا کردی۔ وفاقی وزیر فواد چوہدری کی نااہلی کے لیے دائر کیس میں بڑی پیش رفت سامنے آئی اور اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست گزار سمیع ابراہیم نے فواد چوہدری کے خلاف
نااہلی کیس واپس لینے کی استدعا کردی ہے، درخواست گزار کی کیس واپس لینے کی استدعا پر فیصلہ آئندہ سماعت پر ہوگا۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں فواد چوہدری کی نااہلی کے لیے دائر کیس پر سماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کی، درخواست گزار سمیع ابراہیم کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ہم درخواست واپس لینا چاہتے ہیں۔ جس پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ درخواست واپس کیوں لینی ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے جواب دیا کہ مجھے ہدایات دی گئی ہے کہ سمیع ابراہیم لاہور چلے گئے ہیں۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل سید طیب شاہ نے عدالت سے کہا کہ اگر پٹشنر واپس لینا چاہتے ہیں تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔واضح رہے کہ فواد چوہدری اور سمیع ابراہیم کے درمیان گزشتہ 2 سال سے شدید لفظی جنگ جاری تھی، خاص طور پر سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کے خلاف انتہائی نازیبا باتیں کی جارہی تھیں۔