نئی دہلی (اے پی پی)بھارت کےچیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل بپن راوت اور ان کی اہلیہ سمیت 13 افرادتامل ناڈو میں ہیلی کاپٹر کے حادثے میں ہلاک ہوگئے ۔بھارتی فضائیہ کے ایک ٹویٹ کے مطابق ایم آئی ۔17وی فائیو ہیلی کاپٹر جس میں بھارت
کےچیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل بپن راوت ان کی اہلیہ اور دیگر افراد سوار تھے ،کوئمباتور اور سلور کے درمیان واقع تامل ناڈو کے پہاڑی علاقے کونور کے قریب گر کر تباہ ہوگیا ۔ہیلی کاپٹر بھارتی فضائیہ کے سلور بیس سے ویلنگٹن میں ڈیفنس سروسز کالج جا رہا تھا ۔ جہاں جنرل بپن راوت نے سٹاف کورس کے افسران سے خطاب کرنا تھا ۔ حادثے کے بعد ایمرجنسی اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور حادثے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی فوجی ہسپتال میں منتقل کیا۔حادثے کا شکار ہونے والے ہیلی کاپٹر میں چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل بپن راوت، ان کی اہلیہ مادھولیکا راوت، بریگیڈیئر ایل ایس لدر، لیفٹیننٹ کرنل ہرجندر سنگھ اور دیگر شامل تھے۔ بھارتی ائیر فورس نے حادثے کی انکوائری کا حکم دے دیا ہے ۔