اسلام آباد(آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدرسینیٹر شیری رحمان نے وزیراعظم کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ خطاب سے لگ رہا ہے کہ عمران خان آج حکومت سنبھالنے جا رہے ہیں ،
3 سال بعد بھی پرانے وعدے کئے جا رہے ہیں ،22 کروڑ پاکستانی ریلیف کے منتظر ہیں، 2 کروڑ نہیں،وزیراعظم نے آج اپنی ناکامیوں کی ذمہ داری اپوزیشن پر نہیں عالمی دنیا پر ڈال دی، شیری رحمان نے کہا کہ سبسڈی دینے سے مہنگائی کم ہوتی تو چینی 120 روپے کلو نا ہوتی،وزیر اعظم بنی گالا کی خوشحالی بتا رہے تھے، ملک کی صورتحال تشویش ناک ہے،مہنگائی خطاب سے نہیں، کارکردگی سے کم ہوگی،انہوں نے کہا کہ لوگوں کا جینا مشکل ہو گیا ہے اور آپ 3 سال بعد بھی سنہری خواب دکھا رہے، 17 بار نوٹس لینے کے بعد بھی آپ مہنگائی کم نہیں کر سکے،کیا چینی 120 روپے فی کلو ہونے کی ذمہ دار بھی عالمی منڈی ہے؟ کیا بجلی اور گیس کی قیمت کی ذمہ دار بھی عالمی دنیا ہے؟ حکومت آج بھی ذمہ داری لینے کو تیار نہیں۔