ڈیرہ غازی خان(آن لائن)جے یوآئی(ف)کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ جھوٹی حکومت کا تختہ الٹنا ہر پاکستانی کا فریضہ بن چکا ہے۔مولانا عبدالغفور حیدری نے ڈیرہ غازی خان میں منعقدہ پی ڈی ایم کے جلسے میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ
مسلمانوں نے مل کر پاکستان کے لیے جدوجہد کی اور آخر کار انگریزوں کو جانا پڑا اور پاکستان بن گیا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا بننا ہماری یکجہتی کا مظہر ہے، جب یکجہتی تھی تو ہندوستان کو ناکوں چنے چبوائے لیکن جب یکجہتی نہیں رہی تو 90 ہزار فوجی قید ہوئے۔ 36 سال بعد جب اتفاق کیا تو آئین بنایا، 90 سال سے جاری ختم نبوت کے مسئلہ پر قادیانی کو کافر قرار دے کر مسئلہ حل کروایا۔مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ یہ انسانوں کا سیلاب سیلکٹڈ حکومت کو بہا کر لے جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ انتخابی مہم میں نوجوانوں کو گمراہ کرنے کے لیے ایک کروڑ نوکریوں اور پچاس لاکھ گھروں کا وعدہ کیا گیا۔ صوبے کا چیف مینسٹر آپ کے علاقے میں ہے تو کوئی دس آدمی آ کے بتا دیں کہ ہمیں مکان ملا ہے، کوئی کہے مجھے نوکری ملی ہے۔جے یوآئی (ف)کے رہنما کا کہنا تھا کہ کوئی ادارہ صحیح کردار ادا نہیں کر رہا ہے، ادارے تباہ ہو چکے ہیں۔ پی ڈی ایم کی محنت کے نتیجے میں سیلکٹڈ کا خاتمہ ہو گا۔مولانا عبدالغفور حیدری کا مزید کہنا تھا کہ ڈی جی خان والوں سے درخواست ہے کہ ایسا ردعمل دیں کہ عمران بنی گالہ میں دیکھے۔ یہ جلسہ عمران خان کی حکومت کی تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گا۔