اسلام آباد (این این آئی) پی ڈی ایم کے ترجمان حافظ حمد اللہ نے آئی ایم ایف کی شرائط تسلیم کرنے سے متعلق کہا ہے کہ 22کروڑعوام اورپاکستان کوآئی ایم ایف کے
ہاتھوں فروخت کرنے کی نئی بولی لگنے جارہی ہے، پاکستان کو آئی ایم ایف کے حوالے تب کیا جب رضاباقر کوسٹیٹ بینک کا گورنر مقررکردیاگیا، گورنرسٹیٹ بینک آج بھی آئی ایم ایف کاملازم ہے ان کی ترجیح پاکستان کی نہیں آئی ایم ایف کے مفادات ہیں ۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ ماضی میں مصر کی معیشت تباہ ہوئی اب وہی معاشی تباہی کا فارمولا پاکستان میں تین سال سے ازمایا جارہاہے، 22 کروڑ پاکستان میں کوئی کوالیفائیڈ شخص نہیں جو سٹیٹ بینک کا گورنر بن سکے ۔ انہوںنے کہاکہ آئی ایم ایف کی شرائط پرمعاہدہ کرنے سیپاکستان میں مہنگائی کی ایک نئی تباہ کن سونامی آئیگی، یہ معاہدہ قوم اورپاکستان کیلئے معاشی طورپر مادر آف آل بم گر کرثابت ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ اس معاہدے سے ملک میں مہنگائی کی ایک نئی خطرناک لہرآئیگی، مہنگائی کی اس خطرناک صورتحال کے پیش نظر،پی ڈی ایم سڑکوں پر ہے۔