باجوڑ(این این آئی) باجوڑ میں ریموٹ کنڑول بم دھماکے میں چار سکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق بدھ کے شام ضلع باجوڑ کی تحصیل وڑ ماموند کے علاقہ تیر بانڈگئی میں پولیس فورس اور ایف سی کی گشتی گاڑی پر دھماکہ اس وقت ہوا
جب وہ اس سے قبل ہونیوالے ایک اور بم دھماکہ کے تحقیقات کیلئے جارہے تھے کہ اچانک گاڑی پر ریموٹ کنڑول بم دھماکہ ہوا۔ دھماکے کے نتیجے چار اہلکار شہید ہوگئے جس میں دو پولیس اہلکار اور دو ایف سی اہلکار شامل ہیں۔ شہید ہونیوالوں میں پولیس ڈرائیور صمد خان، پولیس کانسٹیبل نور رحمان، ایف سی کے اہلکار جمشید اور مدثر شامل ہیں۔ واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز اور پولیس نے سرچ آپریشن شروع کردیااور واقعہ کی تفتیش جاری ہے۔ واقعہ کے اطلاع ملتی ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صمد خان ہسپتال پہنچ گئے اور واقعہ پر گہرے افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اور سکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن شروع کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔ یادرہے کہ اس سے قبل سہ پہر ساڑھے چار بجے ایک اور بم دھماکہ سویلین گاڑی پر ہوا تھا جس میں دوافراد زخمی ہوگئے تھے جس میں گل محمد اور محمد نورڈرائیور شامل ہیں۔ شہید پولیس اہلکاروں کا نماز جنازہ پولیس لائن سول کالونی خار میں ادا کیا گیا۔ اور انہیں پولیس فورس کے چاق وچوبند دستے نے سلامی پیش کی۔