اسلام آباد (این این آئی)بابر اعظم نے ویرات کوہلی کا ا یک اور ریکارڈ توڑ دیا، پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچری بنانے والے پاکستانی بن گئے ہیں، انہوں نے یہ سنگ میل نیشنل ٹی ٹوئنٹی میں ناردرن کے خلاف
سینٹرل پنجاب کی جانب سے سنچری بناکر عبور کیا۔راولپنڈی میں جاری قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں جمعرات کو سینٹرل پنجاب کی قیادت کرتے ہوئے بابر اعظم نے 63 گیندوں پر 105 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔یہ بابر اعظم کے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کی چھٹی سنچری تھی جس کے ساتھ وہ ٹی ٹوئنٹی میچز میں سب سے زیادہ سنچری بنانے والے پاکستانی بن گئے۔بابر اعظم نے 185 اننگز میں 6 سنچریاں اسکور کی ہیں۔پاکستان کے احمد شہزاد اور کامران اکمل نے پانچ، پانچ جبکہ خرم منظور نے چار، مختار احمد اور شرجیل خان نے تین۔تین سنچریاں اسکور کی ہیں۔بابر اعظم چھ یا اس سے زائد سنچریاں بنانے والے دنیا کے نویں بیٹسمین ہیں، اس فہرست میں کرس گیل 22 سنچریوں کے ساتھ سرفہرست ہیں۔بابر اعظم 105 رنز کی اننگز کے بعد ایک اور عالمی ریکارڈ کے قریب آگئے ہیں، توقع ہے کہ اگلی اننگز میں تیز ترین 7 ہزار ٹی ٹوئنٹی رنز بنانے والے بیٹسمین بن جائیں گے۔انہیں کرس گیل کا ریکارڈ توڑنے کے لیے 6 اننگز میں 16 رنز درکار ہیں جس کے بعد وہ یہ ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیں گے۔بابر اعظم کافی اننگز ففٹی پلس ریٹ دنیا میں تمام بیٹسمینوں میں سب سے بہتر ہے، ان کے کیریئر میں 6 سنچریوں سمیت 64 ففٹی پلس اننگز ہیں۔ان کا فی اننگز ففٹی پلس اوسط 2.89 ہے، یعنی ہر تیسری اننگز میں بابر نے کم از کم ففٹی ضرور اسکور کی ہے۔