فیصل آباد(آن لائن)مہنگا ئی سے پر یشا ن باپ نے25ہزار روپے کے عوض اپنی نابالغہ بچی کو گداگروں کے گروہ کو فروخت کردیا۔ چائلڈ پروٹیکشن آفیسر نے ماتحت عملہ اور پولیس کے ہمراہ 18ماہ کی نابالغہ بچی کو برآمد کرکے اغواء کار
بھکارن خاتون سمیت 4ساتھیوں کیخلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔آن لا ئن کے مطابق چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر آفیسر روبینہ اقبال چیمہ نے تھانہ غلام محمد آباد پولیس میں مقدمہ درج کرواتے ہوئے بتایا کہ ان کو پتہ چلا تھا کہ غلام محمد آباد کے رہائشی محمد ندیم ولد فقیر محمد نے تقریباً ڈیڑھ سال قبل اپنینابالغہ بچی عنایہ کو گداگروں کے گروہ کی خاتون سروری بی بی زوجہ محمد بوٹا سکنہ لطیف چوک کو اختر ولد تاج دین سکنہ خالد ٹاؤن‘نور محمد ولد سوہنے خان سکنہ سلطان ٹاؤن کی موجودگی میں 25ہزار روپے کے عوض فروخت کردیا تھا اس وقت بچی کی عمر صرف ڈیڑھ ماہ تھی چائلڈ پروٹیکشن کے مطابق سروری بی بی ایک پیشہ ور گدا گر ہے اور وہ شہر کے مختلف شاہراہوں‘ چوراہوں اور اشاروں پر بھیک مانگتی ہے اور نابالغہ بچوں کو بطور (Begging Tool)استعمال کرتی ہے جس پر چائلڈ پروٹیکشن آفیسرز نے ماتحت عملہ اور پولیس کے ہمراہ گزشتہ روز کارروائی کرتے ہوئے نابالغہ بچی کو برآمد کرکے بھکارن سروری بی بی کو گرفتار کر لیا اور بچی کو فروخت کرنے والے اسکے باپ اور گداگرخاتون اور انکے دوساتھیوں کے خلاف انسانی سمگلنگ سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔