غذر(این این آئی)گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں گلیشیئر پھٹنے کی بروقت اطلاع دینے والے چرواہے وصیت خان کے لیے ڈی آئی جی پولیس کی طرف سے 10 ہزار روپے انعام دیا گیا۔اس کے علاوہ وصیت خان کو محکمہ پولیس جی بی کی طرف سے تعریفی سند سے بھی نوازا گیا۔ چرواہے کی فوری اطلاع پر 100 گھر خالی کرالیے گئے تھے، لوگوں کے محفوظ مقام پر منتقل ہو جانے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز گلگت بلتستان کے ضلع غذر کے علاقے گوپس میں گلیشیئر پھٹنے سے آنے والے سیلاب نے تباہی مچا دی تھی، پہاڑ پر موجود چرواہے نے گلیشیئر پھٹنے کی گاؤں والوں کو بروقت ٹیلی فون پر اطلاع دے کر انسانی جانیں بچائیں۔لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پہاڑ پر پھنسے چرواہے اور اس کے خاندان کو پاک فوج نے ریسکیو کر لیا، چرواہا بروقت اطلاع نہیں دیتا تو کئی جانیں لینڈ سلائیدنگ کی نذر ہو جاتیں۔گاؤں والوں کا کہنا ہے کہ گلیشیئر پھٹنے کی بروقت اطلاع پہاڑ پر موجود چرواہے نے ٹیلی فون پر دی، جس پر مقامی افراد نے رات میں ہی فوری گھروں کو خالی کر دیا تھا۔