لاہور (آن لائن) چین کے ایک مقامی بینک نے اورنج لائن ٹرین منصوبے کے لئے دئیے گئے 163 ارب روپے کے قرض پر پنجاب حکومت سے شرح سود کی مد میں 2 ارب 41 کروڑ روپے طلب کرلئے ہیں۔
چینی بینک نے پنجاب حکومت کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ مذکورہ رقم آئندہ ماہ ستمبر کی 21 تاریخ تک بینک کو ادا کرے۔ بتایا گیا ہے کہ چینی بینک کا پنجاب حکومت سے مطالبہ حکومت کے لئے ایک بڑا معاشی دھچکا ہے اورنج لائن ٹرین منصوبہ اس وقت 9 ارب روپے سالانہ خسارے کا شکار ہے۔ اورنج لائن کی سالانہ خرچہ 12 ارب روپے جبکہ سالانہ آمدن صرف 83 کروڑ روپے ہے۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ چینی بینک سے پنجاب حکومت نے 163 ارب روپے کا قرض سابقہ دورہ حکومت میں لیا تھا، بینک اور پنجاب حکومت کے درمیان معاہدہ طے پایا تھا کہ منصوبے کی تکمیل کے دو سال تک بینک قرض کی واپسی کا تقاضا نہیں کرے گا لیکن بینک نے لئے گئے قرض پر شرح سود کی پہلی قسط دو ارب 41 کروڑ روپے کی ادائیگی کا مطالبہ کردیا ہے۔