راولپنڈی(این این آئی)مدرسہ طالبہ زیادتی کیس میں ایڈیشنل سیشن جج نے ملزم مفتی شاہ نواز کی گرفتاری غیر قانونی قرار دے کر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ میڈیارپورٹ کے مطابق راولپنڈی کی سیشن عدالت میں مدرسہ طالبہ جبری زیادتی کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے زیادتی کے گرفتار ملزم مفتی شاہ نواز کی اہلیہ کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے ملزم کی گرفتاری غیر قانونی قرار دیتے ہوئے
عبوری ضمانت منظور کرلی ، شریک گرفتار ملزمہ ٹیچر عشرت کو بھی رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ایڈیشنل سیشن جج ملک اعجاز آصف نے گرفتار ملزم کو فوری رہا کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ پولیس نے اختیارات سے تجاوز کیا۔ عدالت نے ملزم اور تفتیشی ٹیم 30 اگست کو عدالت مکمل ریکارڈ سمیت طلب کرتے ہوئے پولیس کو 30 اگست تک ملزم کی گرفتاری سے روک دیا۔بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وکیل صفائی کا کہنا تھا کہ عدالت نے عبوری ضمانت منظور کی تھی لیکن پولیس نے کچہری دروازے پر گرفتار کر لیا، ہم انصاف کیلئے کہاں جائیں، اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے والی پولیس افسران خلاف ایکشن لیا جائے۔دوسری جانب تفتیشی ٹیم کا کہنا تھا کہ مقدمہ میں زیادتی تصدیق ہونے پر نئی دفعات عائد کیں، گرفتار ی قانون کے مطابق ہے۔ اس موقع پر مفتی شاہ نواز کا کہنا تھا کہ عدالت سے انصاف مل گیا وکلا سے مشاورت کے بعد تفصیلی گفتگو کروں گا۔