اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )افغانستان سے انخلاء کے دوران مہاجرین کی آڑ میں چھپ کر جانے والا طالبان رکن فرانس میں پکڑا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق حالیہ دنوں میں فرانس پہنچنے والے 5افغان باشندوںکو طالبان کے ممکنہ رابطے کی وجہ سے نگرانی میں رکھا گیا ہے ان میں
ایک وہ شخص بھی ہے جسے سیکیورٹی فورسز کی جانب سے نافذ کردہ کنٹرول آرڈر کی خلاف ورزی کے بعد پکڑا گیا ہے ۔ نجی ٹی وی جیو کے مطابق برطانیہ میں مسلح افواج کے وزیر جیمز ہیپی نے پیر کو کہا ہے کہ ایسے لوگ ہیں جو اس عمل سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں تا کہ برطانیہ میں داخل ہوکر ہمیں نقصان پہنچائیں۔ اطلاعات کے مطابق 5 ممکنہ خطرناک افراد نے طیاروں میں سوار ہونے کی کوشش کی تھی۔برطانوی وزارت داخلہ نے کہا کہ ان میں سے ایک شخص جو ’نو فلائی لسٹ‘ میں تھا، انگلینڈ کے شہر برمنگھم کا سفر کرنے میں کامیاب رہا، اس شخص سے تفتیش کی گئی جس کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ سکیورٹی ایجنسیز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ فرانسیسی حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ فرانس میں زیر نگرانی 5 افراد میں سے مرکزی ملزم نے طالبان کا رکن ہونے کا اعتراف کرلیا ہے لیکن اس نے کابل میں انخلا کے آپریشن کے دوران کشیدہ حالات میں کافی مدد کی اور کئی جانے بچائیں۔یہ واضح نہیں کہ فرانسیسی حکومت اب اس شخص کو حراست میں رکھے گی، زیر نگرانی رکھے گی یا ڈی پورٹ کردے گی۔امریکی حکومت کے مطابق 9 روز قبل 15 اگست کو افغانستان میں طالبان کے قبضے کے بعد سے تقریباً 50 ہزار غیر ملکی اور افغان باشندے کابل ائیر پورٹ سے مختلف ممالک جاچکے ہیں۔