برسلز (این این آئی )نیٹو سیکریٹری جنرل یین اسٹولٹنبرگ نے کہا ہے کہ ایک ہمسائے کے طور پر پاکستان کی افغانستان کے متعلق بڑی ذمہ داری ہے۔ کیونکہ اس کے افغان لیڈر شپ کے علاوہ طالبان
سے بھی خصوصی مراسم ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔پریس کانفرنس میں ان سے پوچھا گیا تھا کہ پاکستان افغانستان کی سابق حکمران لیڈر شپ حامد کرزئی، چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ، حکمت یار اور طالبان مخالف لیڈروں کے علاوہ طالبان کے ساتھ بھی رابطے کے ذریعے اتفاق پیدا کرنے والے کے طور پر سامنے آیا ہے۔ کیا آپ ان کوششوں کی حمایت کرتے ہیں؟اس سوال کے جواب میں سیکریٹری جنرل یین اسٹولٹنبرگ نے کہا کہ پاکستان کے طالبان سمیت افغان قیادت سے وسیع رابطے ہیں۔ اس پر خصوصی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ افغانستان کو دوبارہ دہشت گردوں کے ہاتھ میں نہ جانے دے۔