لاہور، اسلام آباد (آن لائن، این این آئی ) لاہور سے اسلام آباد موٹر وے ٹول ٹیکس میں 10 فیصد اضافے کا فیصلہ کرلیاگیا ، لاہور سے اسلام آباد ٹول ٹیکس 830 روپے سے بڑھ کر 910 روپے جبکہ اطلاق 26 اگست سے ہوگا۔رپورٹ کے مطابق نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور” مور” کے درمیان بیس سالہ معاہدے کے مطابق 26 اگست سے موٹروے پر ٹول ٹیکس
دس فیصد بڑھا دیا جائے گا۔ اسلام آباد لاہور موٹر وے ایم ٹو ، پشاور اسلام آباد موٹروے ایم ون پنڈی بھٹیاں فیصل آباد موٹروے ایم تھری، شورکوٹ ملتان موٹروے ایم فور اور ملتان سکھر موٹروے ایم فائیو پر عائد ٹول ٹیکس میں دس فیصد اضافہ کیا جائے گا۔یاد رہے گذشتہ سال بھی ٹول ٹیکس میں دس فیصد اضافہ کیا گیا تھا۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو نیشنل ہائی ویز کی مرمت و دیکھ بھال کے لئے سالانہ 92 ارب درکارہیں جس میں ڈالر کی قیمت میں اضافے کے باعث امسال اضافہ ہوا ہے۔دوسری جانب اسلام آبادسے چوری ہونے والی گاڑی چند گھنٹوں میں موٹروے پولیس نے پکڑ لی، دو ملزمان گرفتار کرلئے ۔تفصیلات کے مطابق موٹروے پولیس کو اطلاع ملی کہ اسلام آباد کے سیکٹر آئی۔ایٹ سے ایک گاڑی نمبر CH 0003 چوری ہوگئی ہے۔ اطلاع پاتے ہی موٹروے پولیس کو الرٹ کر دیا گیا اسی اثناء چوری ہونے والی گاڑی سے ملتی جلتی گاڑی موٹروے ایم ون برہان کے قریب دیکھی گئی، جس پر نمبر پلیٹ APL 21 لگی ہوئی تھی،
شک پڑنے پر اس گاڑی کو روکنے کی کوشش کی گئی لیکن ڈرائیور نے رکنے کی بجائے گاڑی انتہائی خطرناک انداز میں بھگاتا رہا لیکن موٹروے پولیس نے اس کا پیچھا جاری رکھتے ہوئے اسے روک لیا اور گاڑی میں موجود دو ملزمان عرفان اور وقاص کی فرار ہونے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے انہیں گرفتار کر لیا۔ تفتیش کے بعد پتا چلا کہ یہ وہی گاڑی ہے
جو اسلام آباد سے چوری ہوئی تھی۔ کامیاب آپریشن میں دو سے تین گاڑیوں نے حصہ لیا۔ مزید قانونی کارروائی کیلئے ملزمان بمعہ گاڑی متعلقہ پولیس اسٹیشن کے حوالے کر دی گئی۔پیشہ وارانہ انداز میں کاروائی مکمل کرنے پر سیکٹر کمانڈر ایم ون شاہ اسد نے افسران کو سراہتے ہوئے شاباش دی۔