اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )سعودی ماہرین نے کورونا ویکسینیشن کی مثبت صورت حال دیکھتے ہوئے بہت جلد مملکت سے عالمی وبا کے خاتمے کی پیش گوئی کردی۔ عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں شہری بڑھ چڑھ کر کوروناویکسین لگوا رہے ہیں اور احتیاطی
تدابیر پر بھی عمل کیا جارہا ہے جس کے باعث ماہرین نے پیش گوئی کی ہے کہ کورونا یہاں سے جلد ختم ہوجائے گا۔نجی ٹی وی اے آروائی کے مطابق متعدی امراض کے مشیر ڈاکٹر خالد علی اللہ کا کہنا ہے کہ کورونا ویکسین کی دو خوراکیں لگوانے سے مملکت میں 3 سے 6 ماہ کے اندر وبائی مرض ختم ہو جانا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ 12 سے 18 برس کے افراد کا ویکسینیشن کا حصہ بننے سے مثبت نتائج آرہے ہیں، ہم جتنا نازک کیسز، انتہائی نگہداشت کے کیسز اور اموات میں کمی دیکھتے ہیں وبا کے خاتمے کے لیے اشارے اتنے ہی مثبت ہوتے ہیں۔خوش آئند امر یہ کہ مملکت میں کورونا کیسز حیران کن حد تک کم ہوئے ہیں۔سعودی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سعودی عرب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 542 نئے مریض سامنے آئے جبکہ ایک ہزار 41 افراد صحت یاب بھی ہوئے۔ مملکت میں ویکسین کی اب تک 31.6 ملین خوراکیں دی جا چکی ہیں، اب تک آبادی کا 59.51 فیصد حصے نے پہلی خوراک لے لی ہے۔