اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، اے پی پی)افغانستان کی کرکٹ ٹیم کے نوجوان کھلاڑی اور لیگ اسپنر راشد خان نے بھی اپنے ملک کی موجودہ صورتحال پر اظہارِ خیال کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ملک کی ایسی صورتحال پر کرکٹر راشد خان نے اپنے ایک ٹوئٹ میں امن لکھا۔
ساتھ ہی انہوں نے دعا کیلئے ہاتھ اٹھائے اور افغانستان کے جھنڈے کی ایموجی کا استعمال کیا۔دوسری جانب دفترخارجہ کے ترجمان نے کہاہے کہ پاکستان کی افغانستان میں بدلتی ہوئی صورتحال پرگہری نظرہے اورپاکستان افغانستان میں سیاسی تصفیہ کیلئے کوششوں کی معاونت جاری رکھے گا۔وزارت خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے ایک بیان میں کہاہے کہ پاکستان کی افغانستان میں بدلتی ہوئی صورتحال پرگہری نظرہے۔پاکستان سیاسی تصفیہ کیلئے کوششوں کی معاونت جاری رکھے گا۔ہمیں امید ہے کہ تمام افغان فریق اندرونی سیاسی بحران کے خاتمہ کیلئے مل بیٹھ کرکام کریں گے۔ترجمان نے کہاکہ کابل میں پاکستان کاسفارتخانہ پاکستانی، افغان ، سفارتی اوربین الاقوامی کمیونٹی کوقونصل کی خدمات فراہم کررہاہے اورپی آئی اے کی پروازوں کے بارے میں رابطہ کاری بھی ہورہی ہے۔ترجمان نے بتایاکہ سفارتی شخصیات، یواین ایجنسیوں، بین الاقوامی تنظیموں ، میڈیا اوردیگرافراد کو ویزہ اورپاکستان آمد میں سہولت فراہم کرنے کیلئے وزارت داخلہ میں خصوصی بین الوزارتی سیل قائم کیا گیاہے۔