لاہور (آن لائن)محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب کے انٹرنل آڈٹ نے پر کشش نمبروں کی نیلامی کی مد میں کروڑوں روپے ای ٹی اوز کی جیبوں میں رکھنے کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ محکمہ کے انٹرنل آڈٹ میں یہ بات سامنے آئی کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں
واقع محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب کے ای ٹی اوز نے گاڑیوں کے پر کشش نمبروں کی نیلامی میں حصہ لینے والے شہریوں کی جانب سے موصول کردہ سکیورٹی کی رقم سرکاری خزانے میں جمع کروانے کی بجائے اپنی جیبوں میں رکھی ہوئی تھی جبکہ قانونی طور پر محکمہ یہ رقم بحق سرکاری ضبط کرنے کا پابند ہے۔ انٹرنل آڈٹ رپورٹ کے بعد صرف لاہور دفتر میں کروڑوں روپے کی رقم سرکاری خزانے میں جمع کروا دی ہے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں شہریوں نے سکیورٹی رقم جمع کروا کر 11 سو پر کشش نمبر نیلامی میں جیتے لیکن ان نمبروں کو اپنی گاڑیوں پر آویزاں نہ کیا اور نیلامی کی باقی رقم جمع نہ کروائئی جس کے بعد ای ٹی اوز نے نیلامی کی مد میں پے آڈر کی شکل میں موصول کردہ سکیورٹی کی رقم سرکاری خزانے میں جمع کروانے کی بجائے اپنی جیبوں میں جمع کئے رکھی یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس اقدام کا مقصد سائلین کو ان کے پے آڈر واپس کر کے ان سے معاوضہ وصول کرنا تھا۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ نیلامی میں صوبے بھر میں نیلامی ہونے والے 11 سو پر کشش نمبروں میں سے 6 سو نمبر لاہور کے ہیں۔