اسلام آباد ( آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ طالبان نے کورونا سرٹیفکیٹ اور بائیو میٹرک کی شرائط کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے پاکستان
کے ساتھ سرحد بند کی ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ طالبان کے شیڈو گورنر کی جانب سے پاکستان کے ساتھ چمن سپن بولدک سرحد بند کی گئی ہے۔ کہا جاسکتا ہے کہ اس وقت سرحد مکمل طور پر بند ہوچکی ہے۔ سرحد پر ویزا، بائیو میٹرک کے ساتھ راہداری کی سہولت حاصل تھی لیکن طالبان نے کورونا سرٹیفکیٹ اور بائیو میٹرک کو تسلیم کرنے سے انکار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا افغانستان کے اندرونی معاملات میں عمل دخل نہیں ہے، پاکستان اپنی سرزمین افغانستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا، افغانستان بھی اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دے۔ واضح رہے کہ جمعہ کے روز طالبان کی جانب سے چمن سپن بولدک سرحد کو ہر قسم کی آمد و رفت کیلئے معطل کردیا گیا تھا۔