کابل (این این آئی)طالبان نے جمعہ کوافغان دارالحکومت کابل میں حکومتی میڈیا کے انچارج دواخان مینہ پال کو قتل کردیا۔ کابل پولیس کے سربراہ فردوس پرامرز نے مینہ پال
کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہیں شہر کے دالامان کے علاقے میں نشانہ بنایا گیا۔ افغان وزارت داخلہ کے ترجمان میروس ستنانکزئی نے بھی ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہیں دہشت گردی کے واقعے میں ہلاک کیا گیا ہے۔دوا خان مینہ پال صدر اشرف غنی کے میڈیا ترجمان بھی رہے ہیں۔وہ اس وقت افغان مرکزی حکومت کے میڈیا سیکشن کے انچارج تھے۔انہوں نے افغان قومی اسمبلی کے لئے انتخابات میں بھی حصہ لیا تھا لیکن وہ ناکام ہوگئے تھے۔طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایک بیان میں مینہ پال کے قتل کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں جمعہ کو ایک حملے میں ہلاک کیا گیا ہے۔ مصالحتی کونسل کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ نے مینہ پال پر قاتلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ اور دہشت گردانہ فعل قرار دیا ہے۔