تل ابیب (این این آئی)ایک اسرائیلی عورت کے عطیہ کردہ گردہ کوتل ابیب سے ایک خصوصی چارٹرپرواز کے ذریعے متحدہ عرب امارات پہنچایا گیاہے۔اس کے تبادلے میں وہاں سے ایک صحت مند شخص سے گردہ حاصل کیا گیا ہے۔گردے کے تبادلے اور پیوندکاری کا یہ ایک تاریخی واقعہ ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اسرائیلی کے شیبا میڈیکل سنٹر میں سرجنوں نے 39 سالہ شانی مارکووٹزمانشر
کا گردہ نکالا تھا۔اس کو یخ بستہ برفیلے صندوق میں رکھ کر ساڑھے تین گھنٹے کی پرواز کے بعد یواے ای کے دارالحکومت ابوظبی پہنچایا گیا تھا۔دونوں ملکوں کے درمیان اعضا کے تبادلے کے پروگرام کے تحت اب شانی مانشر کی والدہ کو یواے ای میں ایک شخص کا عطیہ کردہ صحت مند گردہ لگایا جائے گا گردے کی پیوندکاری کے لیے انھیں اسی ہفتے شیبا میڈیکل سنٹر میں داخل کیا گیا ہے۔اسرائیل کے سب سے بڑے اسپتال شیبامیڈیکل سنٹر میں پیوندکاری مرکز کے سربراہ پروفیسرایٹن مور کا کہنا تھا کہ یہ سرجری کامیاب رہی ہے اور اس سے دونوں ملکوں کے درمیان زندگی بچانے والیاعضا کے عطیات کی رہ ہموار ہوگی۔انھوں نے کہا کہ ہم نے امارات اورابوظبی سے تعلق رکھنے والے اپنے ساتھیوں سے شانداراشتراک کا آغاز کیا ہے۔ہم نے چھے ماہ قبل تل ابیب میں یواے ای کی وزارت صحت کے نمائندے کے ساتھ اعضا کی پیوند کاری کے شعبے میں اس ممکنہ اشتراک پر تبادلہ خیال کیا تھا۔اب چھے ماہ کے اندر ہم نے اسرائیل اورابوظبی کے درمیان اعضا کے پہلے تبادلے کا عمل مکمل کرلیا ہے۔انھوں نے کہا کہ مجھے امید ہے،اس سے دونوں ممالک کے درمیان طب کے دیگر شعبوں میں مزید اشتراک کا دروازہ کھلے گا۔یہ تبادلہ دونوں ممالک کے درمیان اعضا کے عطیہ کے وسیع پروگرام کا حصہ ہے اور آیندہ مہینوں میں
ایسے مزید آپریشن ہوں گے۔شیبا میڈیکل سینٹر، محکمہ صحت ابوظبی اور دبئی ہیلتھ اتھارٹی کے درمیان اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان طبی سیاحت کو فروغ دینے کے سمجھوتے پردست خط کیے گئے تھے۔اس کے تحت شیبا میڈیکل مرکز میں متحدہ عرب امارات کی سیکورٹی فورسز کے 300 مریضوں کا علاج کیا جائے گا اور اماراتی طبی عملہ کوتربیت دی جائے گی۔