لاہور (آن لائن) وفاقی حکومت کی جانب سے فارمیسی کا کاروبار کرنے والے دکانداروں پر ایڈوانس انکم ٹیکس عائد کرنے کے خلاف لاہور سمیت ملک بھر میں فارمیسی مالکان نے ہڑتال کردی۔ ایک روزہ
ٹوکن ہڑتال کے نتیجے میں لاہور کی ہول سیل میڈیسن مارکیٹوں سمیت تمام میڈیکل سٹورز بند رہے۔ اطلاعات کے مطابق ملک بھر میں فارمیسی مالکان کی ایک روزہ ٹوکن ہڑتال انتہائی کامیاب رہی جبکہ دوسری طرف فارمیسی مالکان ایسوسی ایشن نے ان پر عائد کئے گئے ایڈوانس انکم ٹیکس کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے وفاقی حکومت کو مزید 3 روز کی مہلت دے دی ہے اور اعلان کیا ہے کہ اگر وفاقی حکومت نے ایڈوانس انکم ٹیکس لاگو کرنے کا فیصلہ واپس نہ لیا تو ملک بھر کے فارمیسی مالکان آئندہ پیر کے روز سے غیر معینہ مدت کے لئے ہڑتال کر دیں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز ایک روزہ ٹوکن ہڑتال کے باعث شہریوں کو ادویات کے حصول میں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔