لاہور( این این آئی) محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے محکمہ انہار کے سب انجینئر ، گرداور ، پٹواری ، سیکرٹری یونین کونسل اور ٹریفک پولیس آفیسر سمیت پانچ رشوت خور سرکاری ملازمین گرفتار کر کے مقدمات درج کر لئے گئے۔
ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب کے مطابق ساہیوال سے محکمہ انہار کے سب انجینئرمحمد طارق چیمہ کو گرفتار کر لیا گیا،ملزم کو ترقیاتی فنڈز میں خرد برد کرنے اور سرکاری خزانے کو بھاری نقصان پہنچانے پر گرفتار کیا گیا۔ شوکت پٹواری اور ممتاز گرداور کو لاہور ہائیکورٹ سے قبل از گرفتاری ضمانت خارج ہونے پر گرفتار کیا گیا۔ شوکت اور ممتاز پر تھانہ اینٹی کرپشن چنیوٹ میں مقدمہ نمبر 9/20 درج ہے۔ اینٹی کرپشن خوشاب نے لائسنسنگ برانچ میں تعینات کانسٹیبل انصر اقبال کو گرفتار کر لیا،ملزم نے مدعی سے ڈرائیونگ لائسنس جاری کروانے کے عوض پندرہ ہزار روپے بطور رشوت وصول کئے۔ ملزم انصر اقبال کو سول جج کی موجودگی میں ٹریپ ریڈ کر کے گرفتار کیا گیا۔ ڈی جی اینٹی کرپشن کے مطابق ریجن بی نے قصور سے سیکرٹری یونین کونسل ڈھڈی محمد ریاض کو گرفتار کر لیا ،سیکرٹری نے ایک مرحوم کے دو مختلف ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کئے۔