لاہور ( آن لائن )مسلم لیگ نون کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین گروپ سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ ہمیں قومی مسائل پر یک زبان ہو کر بولنا چاہیئے۔
ہم نے 3 سال انتقام کو برداشت کیا اور ذمے دار اپوزیشن کا کردار ادا کیا، مسائل کا حل آزاد اور منصفانہ الیکشن میں ہے۔حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں فلسطین کے ایک نکاتی ایجنڈے پر بات کی، اسرائیلی بمباری سے معصوم فلسطینی بچوں سمیت سیکڑوں افراد شہید ہوئے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے رمضان کے مقدس مہینے میں مسجدِ اقصیٰ پر دھاوا بولا گیا، فلسطینی ما ئوں نے عید پر نئے کپڑوں کے بجائے بچوں کیلئے کفن خریدے۔ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا مزید کہنا ہے کہ فلسطین کی طرح مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے بربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس معاملے پر جوائنٹ ایکشن فورس بنانے کیلئے ترک صدر طیب اردوان کی تجویز سے اتفاق کرتا ہوں۔