اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوور سیز پاکستانی زلفی بخاری اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے، انہوں نے اپنے آپ کو رنگ روڈ سکینڈل کی تحقیقات کے لئے پیش کر دیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہمیشہ میرے وزیراعظم کہتے ہیں کہ کسی شخص کا اگر کسی انکوائری میں نام آ جائے، چاہے وہ غلط ہو یا صحیح، اسے اپنا نام کلیئر ہو جانے تک اپنے عوامی عہدے
سے علیحدہ ہو جانا چاہیے، لہذا رنگ روڈ منصوبے میں مجھ پر لگنے والے الزام کی وجہ سے میں اپنا نام کلیئر ہونے تک عہدے سے استعفیٰ دے کر مثال قائم کرنا چاہتا ہوں۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ میرا رنگ روڈ یا رئیل اسٹیٹ کے کسی اور جاری منصوبے سے کوئی لینا دینا نہیں ہے، انہوں نے مزید کہا کہ اس بار انکوائری اہل افراد کی جانب سے ہونی چاہیے انہوں نے کہا کہ میں جوڈیشل انکوائری کی حمایت کرتا ہوں۔