اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا وائرس کے پھیلائو کے خطرے کے پیش نظر ملک کے تمام ائیرپورٹس پر ڈومیسٹک فلائٹس سے آنے والے مسافروں کی بھی سکریننگ شروع کر دی گئی۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے باقاعدہ اقدامات جاری کر دیئے ،مشتبہ مسافر کو ائیرپورٹ سے باہر جانے کی اجازت نہیں ہوگی ،ایئر پورٹ پر انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک فلائٹ سے آنے والوں کی
بھی سختی سے سکریننگ کی جائے تاکہ وبا کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔اس خبررساں ادارے کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے اضافے کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ ملک کے تمام ہوائی اڈوں پر اندرونی ملک چلنے والے فلائٹس سے آنے والے مسافروں کا بھی ایئر پورٹ پر سکریننگ کی جائے اور مشتبہ مریضوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا جائے ہفتہ کو کراچی ،پشاور،لاہور ،اسلام آباد،فیصل آباد و دیگر ایئر پورٹس پر باقاعدہ سختی سے سکریننگ شروع کر دی گئی ہے ڈومیسٹک فلائٹ سے آنے والے مسافر بھی سکریننگ کے بغیر ایئر پورٹ سے باہر نہیں جا سکتے۔واضح رہے کہ سندھ حکومت نے وفاق سے درخواست کی تھی کہ وہ اندرونی ملک چلنے والی ٹرانسپورٹ کو بند کرے تاکہ وائرس کے پھیلائو کو روکا جا سکے۔اس سے قبل سول ایوی ایشن نے صرف بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کی سکریننگ کا حکم دیا تھا۔