اسلام آباد (آن لائن)اداکارہ وینا ملک نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کی اشد ضرورت ہے۔ پاکستان کے موجودہ حالات میں سپاہ سالار کے انتخاب کو تنقید کا نشانہ بنانیوالے افراد ملک دشمنی کا ارتکاب کررہے ہیں۔بدھ کے روزٹویٹر پر جاری پیغام میں اداکارہ وینا ملک نے
کہاہے کہ پاکستان کی موجودہ صورت حال کے تناظر میں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کی اشد ضرورت ہے۔ پاکستان کی موجودہ صورتحال میں آرمی چیف جنرل باجوہ مسلہ کشمیر کے حل،انڈیا کے ساتھ کشیدہ حالات،افغان امن معاملات اور پاکستان کی اندرونی سازشوں کا بھرپور طریقے سے مقابلہ کررہے ہیں اور موجودہ حالات میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع وقت کی ضرورت ہے۔ادا کارہ نے کہا کہ چیف آف آرمی جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان اندرونی و بیرونی دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنایا ہے،پاکستان کے دفاع کو مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ کو بہتر کرنے میں بھی ان کا اہم کردار ہے۔ وینا ملک کا کہناتھا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ کے نام پر تنقید کرنیوالے اور اب انکی توسیع کے معاملے پر عوام کو گمراہ کرنیوالے افراد کا مفاد ہرگز پاکستان کے اندرونی حالات کی بہتری میں نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اداروں کا ایک دوسرے کے ساتھ تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔پاکستان کے موجودہ حالات میں سپاہ سالار کے انتخاب کو تنقید کا نشانہ بنانیوالے افراد ملک دشمنی کا ارتکاب کررہے ہیں۔