کراچی(این این آئی) کروڑوں روپے مالیت کی 25 ایکڑ زمین پنکچر والے کے نام ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ کراچی کی احتساب عدالت میں اسکیم 33 میں 25 ایکڑ زمین کی غیرقانونی الاٹمنٹ سے متعلق سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران نیب افسرنے بتایا کہ غیرقانونی الاٹمنٹ کے 23 پلاٹ ندیم اورعامر علی نامی شہری کے نام پرہیں۔ ملزم ندیم نے بتایا کہ وہ گولیمارمیں پنکچر لگانے کا کام کرتا ہے۔ اسے پلاٹوں سے متعلق کچھ پتہ نہیں ہے۔
ملزم کا کہنا ہے کہ چائے بنانے کا کام کرتا تھا تو اقبال میمن نامی شخص نے شناختی کارڈ مانگا تھا۔ شناختی کارڈ واپس مانگا تو اقبال میمن نے ٹال مٹول سے کام لیا۔نیب افسر نے کہا کہ ملزمان نے پاک پنجاب سوسائٹی کے نام پرشہریوں سے فراڈ کیا۔ ریفرنس میں 8 ملزمان پلی بارگین کرچکے ہیں۔ نیب حکام نے ملزم ندیم کو پیش کیا جس کے بعد احتساب عدالت نے ملزم ندیم کو 25 نومبر تک عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔