سڈنی(آن لائن)سابق عظیم آسٹریلین کپتان رکی پونٹنگ نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کیلئے بابر اعظم کو خطرہ قرار دیتے ہوئے آسٹریلوی باؤلرز کو خبردار کردیا ہے۔بابر اعظم اس وقت ٹی20 کے عالمی نمبر ایک اور ون ڈے کی عالمی رینکنگ میں تیسرے بہترین بلے باز ہیں،ٹیسٹ کرکٹ میں صرف 35 کی اوسط کے باوجود رکی پونٹنگ نے انہیں ایک بڑا خطرہ قرار دیا۔ایک انٹرویو میں رکی پونٹنگ نے کہا کہ ہم نے ابھی تک بابر اعظم کی ٹیسٹ کرکٹ میں بہترین کارکردگی نہیں دیکھی،
ان کی کم و بیش 20 ٹیسٹ کھیل کر تقریباً 35 کی اوسط ہے لیکن وہ اس سے بہتر کرکٹر ہیں، ان کا ون ڈے میں ایوریج 54 اور اسٹرائیک ریٹ 90 کا ہے۔سابق آسٹریلین کپتان نے بابر اعظم کو بہترین کلاس کا حامل بلے باز قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایک باصلاحیت کرکٹر ہیں اور اس سیزن میں بابر ہی وہ بلے باز ہوں گے جن کی بیٹنگ پر میری نظریں سب سے زیادہ مرکوز ہوں گی، میں نے کئی آسٹریلین اور کیوی کرکٹر دیکھے ہیں لیکن بابر کی بیٹنگ دیکھنے کے لیے بہت پرجوش ہوں۔