اسلام آباد (آن لائن) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما سینیٹر عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ دھرنے کے ساتھ ساتھ پلان بی پر بھی عملدرآمد کیاجائے گا۔ بدھ سے اہم تجارتی شاہراہیں بند کرنے کے لئے صوبائی عہدیداروں کو ٹاسک دے دیا۔ مولانا فضل الرحمان آج جلسے میں اعلان کریں گے۔ منگل کے رو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ پلان بی پر عملدرآمد کا فیصلہ کر لیا ہے۔ مولانا فضل الرحمان جلد طریقہ کار کا اعلان کریں گے۔
جو لوگ آزادی مارچ میں شامل ہیں وہ یہیں رہیں گے پشاور موڑ پر بیٹھے کارکن وہیں بیٹھے رہیں گے۔ دھرنا کے ساتھ ساتھ پلان بی پر بھی عملدرآمد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ جے یو آئی (ف) ملک گیر جماعت ہے کارکن جس شہر میں موجود ہیں وہ وہیں پر احتجاج میں شریک ہوں گے۔ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ بدھ سے اہم تجارتی شاہراہیں بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور عہدیداروں کو پلان بی پر عملدرآمد کا ٹاسک دے دیا گیا ہے۔