اسلام آباد (این این آئی) ترجمان پی ٹی اے خرم علی مہران نے کہاہے کہ انٹرنیشنل سب میرین کیبل میں خرابی کے باعث پاکستان میں انٹرنیٹ سروس متاثر ہوئی ہے ،بین الاقوامی کمپنیوں کےساتھ مل کر فالٹ ڈھونڈ رہے ہیں ،امید ہے جلد کام مکمل کرلیا جائیگا۔ ایک بیان میں ترجمان پی ٹی اے خرم علی مہران نے کہا کہ انٹرنیشنل سب میرین کیبل میں خرابی کے باعث منگل کی شام پانچ بجے سے
پاکستان میں انٹرنیٹ سروس جزوی تعطل کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکشن کمپنی بین الااقوامی کمپنیوں کے ساتھ ملکر سب میرین کیبل میں فالٹ ڈھونڈنے کاکام کررہی ہے،جونہی فالٹ کی اصل جگہ اور فالٹ کی نوعیت کا تعین ہوگا، مرمتی کا کام شروع کردیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے یہ کام جلد مکمل کرلیا جائیگا۔ترجمان پی ٹی سی ایل نے کہاہے کہ انٹرنیشنل سب میرین کیبل میں خرابی کی وجہ سے پاکستان میں انٹرنیٹ سروسز متاثر ہوئی ہیں، تکنیکی ٹیمیں سروسز کی بحالی کیلئے کام کررہی ہیں ، صارفین کو تکلیف پہنچنے پر معذرت خواہ ہیں۔ ایک بیان میں ترجمان پی ٹی سی ایل نے کہاہے کہ انٹرنیشنل سب میرین کیبل میں خرابی کی وجہ سے پاکستان میں انٹرنیٹ سروسز متاثر ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صارفین کو سلو براو ¿زنگ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی سی ایل کی تکنیکی ٹیمیں کم سے کم وقت میں انٹرنیٹ سروسزکی مکمل طور پر بحالی کیلئے کام کر رہی ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ پی ٹی سی ایل موجودہ حالات میں قابل قدر صارفین کو اس عارضی تکلیف پہنچنے پر تہہ دل سے معذرت خواہ ہے۔