لاہور(این این آئی)پنجاب حکومت کی طرف سے کنٹریکٹ ملازمین کی کنفرمیشن پالیسی تبدیل کردی گئی،اب کنٹریکٹ ملازمین چار سال کی بجائے تین سال کی سروس کے بعد ریگولر کیے جا سکیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر پنجاب کی منظوری کے بعد پنجاب ریگولرائزیشن آف سروس آرڈیننس 2019 جاری کردیاگیاہے۔ فیصلے سے محکمہ صحت سمیت دیگر سرکاری ملازمین کی بڑی تعداد مستفید ہوگی۔نجی ٹی وی کے مطابق دوسری طرف سرکاری کنٹریکٹ ملازمین کیلئے خوشخبری یہ ہے کہ وفاقی حکومت نے ہزاروں
کنٹریکٹ ملازمین مستقل کرنے کا فیصلہ بھی کرلیا ہے۔ذرائع کے مطابق وزارتوں اور ڈویژنز کے کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔ کمیٹی کنٹریکٹ ملازمین کی مستقلی بارے یکساں پالیسی تیار کرے گی۔ذرائع کا کہناہے کہ یہ کمیٹی مختلف وزارتوں اور ڈویژنز کے کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کے لیے اپنے سفارشات حکومت کو پیش کریگی اس کے بعد حکومت ملازمین کی مستقلی کا فیصلہ کریگی۔کمیٹی کی طرف سے کئے جانے والے فیصلے کے بعد ہزاروں ملازمین مستقل ہوجائیں گے۔