لاہور (آن لائن) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ آج سے حکومت مخالف تحریک کا آغاز ہو گا۔ یوم سیاہ عوام کا حکومت پر عدم اعتماد ثابت ہو گا۔ جے یو پی آج چیئرنگ کراس کے جلسے میں بھرپور شرکت کرے گی۔ یوم سیاہ کے جلسوں میں رکاوٹیں برداشت نہیں کریں گے۔ نااہل حکومت کے خلاف فیصلہ کن تحریک کا وقت آ گیا ہے۔ نئے پاکستان کا علمبردار نئی تقریر بھی نہیں سیکھ سکا۔ چیئرمین سینٹ کے بعد وزیراعظم بھی تبدیل ہو گا۔
میڈیا پر پابندیاں اور سنسر شپ قابل مذمت ہے۔ حکومت کے جبر اور عوام کے صبر کی انتہا ہو گئی ہے۔ قوم 25 جولائی کو سڑکوں پر نکل کر نااہل حکومت کے خلاف آواز اٹھائے۔ حکومت کو مزید مہلت دینا ملک و قوم کے ساتھ ظلم ہو گا۔ ن لیگی کارکنان کی پکڑ دھکڑ قابل مذمت ہے۔ مریم نواز کی ریلی میں رکاوٹیں پیدا کرکے آمرانہ دور کی یاد تازہ کی گئی۔ بیرون ملک عمران خان کی اپوزیشن کے خلاف بدزبانی چھوٹا پن ہے۔ سیلکٹڈ وزیراعظم کا طرز گفتگو ملک کی بدنامی کا باعث بن رہا ہے۔ حکومت سینیٹرز کے ضمیر خریدنے کے لئے بولیاں لگا رہی ہے۔ چیئرمین سینٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد ضرور کامیاب ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے 25 جولائی کے یوم سیاہ کی تیاریوں کے سلسلہ میں لاہور کے عہدیداران و کارکنان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ شاہ اویس نورانی کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ حکومتی جبر اپوزیشن کی آواز دبا نہیں سکتا۔ ظالم حکمرانوں نے عوام کی خوشیاں چھین لی ہیں۔ اب صرف سانس لینے پر ٹیکس لگانا باقی رہ گیا ہے۔ متکبر حکمران جلد اللہ کی پکڑ میں آنے والے ہیں۔ قبائلی اضلاع کے الیکشن میں حکومت نے دھونس اور دھاندلی کی انتہا کر دی ہے۔ ملک میں جاری سول مارشل لا کی وجہ سے عوامی بے چینی خطرے کے نشان کو چھو رہی ہے۔ دھاندلی سے پاک نئے انتخابات ہی تمام مسائل کا حل ہے۔ پی ٹی آئی نے ایک سال میں ملک کا حلیہ بگاڑ دیا ہے۔ پوری قوم نااہل حکومت سے نجات کی دعائیں مانگ رہی ہے۔ مدارس کو کنٹرول کرنے کی حکومتی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ حکومت دینی مدارس کی خود مختاری سلب کرنا چاہتی ہے۔