تیونس سٹی(این این آئی)تیونس کے شہرالحمامات میں ہونے والی عرب معلم کانفرنس کے اختتام پرجاری اعلامیے میں اسرائیل کے ساتھ عرب ممالک کی دوستی کی کوششوں اور امریکا کے صدی کی ڈیل منصوبے کو آگے بڑھانے میں معاونت کو فلسطینی قوم کے ساتھ غداری کے مترادف قرارد یا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کانفرنس میں اسرائیل کے ساتھ
عرب ممالک کے تعلقات نارملائز کرنے کی ہرطرح کی کوششوں کا مقابلہ کرنے اور ہر شعبہ ہائے زندگی میں پوری عرب دنیا کے اندر امریکی، اسرائیلی گٹھ جوڑ کامقابلہ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔اعلامیے میں کہا گیا کہ صدی کی ڈیل نامی امریکی منصوبے کو ناکام بنانے میں سیاسی قوتیں، پارلیمان، انسانی حقوق کی تنظیمیں، سول سوسائٹی اور دیگر ادارے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔اعلامیے میں عرب ممالک پر زور دیا گیا کہ وہ سنہ فلسطین کے حوالے سے عرب لیگ کے پیش کرد فارمولے، طریقے کار، قراردادوں اور سنہ 1967ء کے بعد قبضے میں لیے گئے علاقوں پرآزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی جدو جہد میں فلسطینیوں کی مدد کریں۔تیونس میں ہونے والی عرب معلم کانفرنس میں بیت المقدس کے حوالے سے امریکی حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے تمام اقدامات کو مسترد کردیا گیا اور واضح کیا کہ القدس صرف فلسطینی مملکت کا دارالحکومت ہوگا اور وادی گولان پر اسرائیل کا ناجائز قبضہ ختم کرکے اسے شام کے حوالے کیا جائے۔