لاہور (آن لائن) چاروں مسالک علماء بورڈ (تحفظ ختم نبوت)کے بانی سرپرست علامہ محمد ممتاز اعوان، چیئرمین حافظ شعیب الرحمن ودیگر راہنما مفتی غلام حسین نعیمی،مولانا محمود الحسن دیوبندی،شیخ محمد نعیم بادشاہ سلفی،علامہ وقار الحسنین نقوی،مولانا حنیف حقانی اور پیر طارق محمود نقشبندی نے لاہورمزار حضرۃ سید علی ہجویری پر دہشتگردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے اسلام و ملک دشمنوں کی کارستانی قرار دیا ہے چاروں مسالک علماء نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ دہشت گردانہ خودکش حملے دشمن طاقتوں کی غیر اعلانیہ جنگ ہے جس کے خلاف
پوری قوم سیسہ پلائی دیوار بن جائے انہوں نے کہاکہ اولیاء اللہ کے مزاروں پر دہشتگردانہ حملے اس بات کی دلیل ہیں کہ دہشتگردوں کا کوئی دین و مذہب نہیں وہ صرف انسانیت کے قاتل ہیں دہشتگردوں کے ایسے بزدلانہ حملے ملک و قوم کے حوصلے ہرگز پست نہیں کرسکتے علماء نے دہشتگردی میں شہید ہونیوالوں کے درجات کی بلندی زخمی ہونیوالوں کی جلد سے جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اور انکے لواحقین سے اظہار ِ غم و افسوس کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حکومت ان سفاک قاتل دہشتگردوں کو جلد سے جلد گرفتار کرکے انہیں کیفرِ کردار تک پہنچائے اور انہیں نشان عبرت بنائے۔