اسلام آباد (این این آئی) سابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے وفاقی کابینہ میں شمولیت اور نئی وزارت کی پیشکش ٹھکراتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان کے مہینے میں وزارت کے حصول پر توجہ دینے کی بجائے اپنی عبادات پر توجہ دینا چاہتا ہوں۔وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ وزیراعظم سے ملاقات میں قومی اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ایک سوال کہ کیا انہیں
وزارت خزانہ کے علاوہ کسی دوسری وزارت کی پیشکش ہے؟ پر انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے ان کو وزارت کی پیشکش موجود ہے جو انہیں اس وقت کی گئی تھی جب انہوں نے وزیر خزانہ کے عہدے سے ہٹایا گیا تھا۔اسد عمر نے کہا کہ میرا وفاقی کابینہ میں شامل ہونے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، رمضان کا مہینہ ہے جس میں وزارت کے حصول پر توجہ دینے کے بجائے اپنی عبادات پر توجہ دینا چاہتا ہوں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ کابینہ سے باہر رہ کر بھی ملک کی خدمت کی جاسکتی ہے۔