اسلام آباد(آن لائن)کراچی میں ننھی نشو ا کی موت، سندھ حکومت نے دارالصحت ہسپتال کو سیل کرنے کا فیصلہ کرلیا، پولیس نے ہسپتال میں چھاپہ مار کر سینئر پروفیسر رضوان اعظمی سمیت چار ڈاکٹروں کو حراست میں لے لیا۔ چھاپے کے وقت ہسپتال کے عملے کا احتجاج عملہ گرفتار یاں دینے شاہراہ فیصل تھانے پہنچ گیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے دارالصحت ہسپتال میں غلط انجکشن لگنے کے باعث ننھی نشوہ کی موت ہو گئی تھی۔ جس کے بعد ہسپتال کو پانچ لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا تھا۔ بدھ کے روز وزیر اعلیٰ سندھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال کا عملہ غیر تربیت یافتہ ہے صرف دو افراد ہسپتال کو نہیں
چلا سکتے۔ وزیر صحت ڈاکٹر عذرا افضل کو ہسپتال کو سیل کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ ہسپتال کو ایک دو روز تک سیل کردیا جائے گا۔ دوسری جانب پولیس نے ہسپتال میں چھاپہ مار کر سینئر پروفیسر ڈاکٹر رضوان اعظمی، ہسپتال کے سیکیورٹی انچارج اور عملے کے دیگر دو افراد سمیت چار افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ چھاپے کے دوران ہسپتال کے عملے نے سخت احتجاج کیا بعد ازاں گرفار افراد کو تفتیش کیلئے تھانہ شاہراہ فیصل منتقل کردیا گیا تو عملہ بھی گرفتاریاں دینے ہسپتال پہنچ گیا۔ کمشنر کراچی کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں 80سے زائد غیر تربیت یافتہ عملے کی نشاندہی ہوئی ہے ہسپتال کو آج یا کل سیل کردیا جائے گا۔