کراچی (این این آئی)کراچی کی مقامی عدالت نے نشوہ ہلاکت کیس میں گرفتار احمر شہزاد ،آغا معیز ،اور عاطف کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے جبکہ نرس ثوبیہ کو جیل بھیج دیا ۔پیر کو پولیس نے گرفتار نرسنگ منیجرعاطف، ڈیوٹی ایڈمن افسر احمر، نرس ثوبیہ اور آغا معیز کو جوڈیشل مجسٹریٹ ایسٹ کی عدالت میں پیش کیا ،عدالت میں دوران سماعت سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ پولیس کی غفلت ہے سخت دفعات نہیں لگائیں،مدعی مقدمہ کے و کیل کا کہنا تھا کہ خدشہ ہے
سی سی ٹی وی کا ریکارڈ جلا دیا گیا ہے، دو روز قبل آگ لگی تھی، جائے وقوعہ اور سی سی ٹی وی کیمروں کا ریکارڈ محفوظ بنایا جائے ، لیڈی ڈاکٹر کو شخصی ضمانت پر رہا کردیا گیا گرفتاری کا حکم دیں، نشوہ جاں بحق ہوگئی ہے قتل کا مقدمہ بنایا جائے ، عدالت کا کہنا تھا کہ میرے پاس ہلاکت کا ریکارڈ آجائے تو اس حوالے سے آرڈر کروں گا ، ملزمہ کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج رہا ہوں ، مدعی مقدمہ کا کہنا تھا کہ اگر ملزمہ کو جیل بھیج دیا گیا تو تفتیش متاثر ہوگی ، عدالت کا کہنا تھا کہ اگر تفتیشی افسر درخواست دے گا تو اسے تفتیش کی اجازت دے دی جائے گی ،ان کا کہنا تھا کہ کم از کم ایک دن کا ریمانڈ ضرور دیا جائے وکلا نے عدالت میں اخبار پیش کیا جس میں بتایا گیا کہ بچی جاں بحق ہوگئی ہے،عدالت نے ملزمان احمر شہزاد، آغا معیز اور عاطف کو تین روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا جبکہ ملزمہ ثوبیہ کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تفتیشی افسر جب چاہے ملزمہ سے تفتیش کرسکتا ہے ، سماعت کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ملزمہ ثوبیہ کا کہنا تھا کہ اس کا اس معاملے سے تعلق نہیں معیز نے ہی نشوہ کو انجکشن لگایا تھا۔