لاہور(این این آئی)متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم اوردبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کی جانب سے لاہور چڑیا گھر کیلئے شیروں اورچیتوں کی آمد پر خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ وزیر اعلی سردار عثمان بزدار تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ شیخ محمد بن راشد المکتوم کی جانب سے لاہور چڑیا گھرکیلئے 18شیراورچیتے تحفے کے طورپر دےئے گئے ہیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شیروں اور چیتوں کوپنجروں میں رکھنے کے لئے انتظامات کا جائزہ لیا۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ ہم متحدہ
عرب امارات کے وزیراعظم اوردبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کے اس تحفے پر شکر گزار ہیں ۔تحفے میں ملنے والے شیروں اورچیتوں کی قیمت تقریباً 10کروڑ روپے ہے۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ تحریک انصاف میں کوئی اختلاف نہیں ۔ہماری پوری ٹیم متحد ہے ۔پنجاب میں ایک ٹیم ورک کے طورپر عوام کی خدمت کررہے ہیں ۔تحریک انصاف کے رہنماء جہانگیر ترین،غلام سرور خان،صوبائی وزراء ،سردار سبطین خان،سیدصمصام بخاری اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔