کراچی (آن لائن)کراچی میں مبینہ طور پر غلط انجکشن دینے سے ایک اور بچی کی موت کا واقعہ سامنے آگیا۔کورنگی انڈسٹریل ایریا پولس نے بلال کالونی میں 4 سالہ بچی رضیہ کو مبینہ طور پر غلط انجیکشن دینے والے ڈاکٹر عمران کو حراست میں لے لیا۔تاہم پولیس حکام کا کہنا تھا کہ اب تک متاثرہ اہل خانہ کی جانب سے بچی کے پوسٹ مارٹم کے لیے پولیس سے رابطہ نہیں کیا گیا تاکہ موت کی اصل وجہ معلوم ہوسکے۔پولیس نے مزید بتایا کہ اہل خانہ نے ڈاکٹروں کے خلاف کیس درج کروانے سے
انکار کردیا ہے جو گزشتہ دو برس سے کلینک چلا رہے تھے۔دوسری جانب بچی کے لواحقین نے ڈاکٹر عمران کے خلاف کسی بھی قسم کی قانونی کارروائی سے انکار کردیا ہے۔بچی کے والد کا کہنا تھا کہ بچی کو تیز بخار کے باعث کلینک لائے تھے جبکہ منع کرنے کے باوجود ڈاکٹر نے بچی کو انجیکشن لگایا۔واضح رہے کہ کراچی میں غلط انجیکشن سے موت کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں، گزشتہ دنوں گلستان جوہر میں واقع دارالصحت ہسپتال میں بھی 9 ماہ کی بچی کو غلط انجیکشن لگایا تھا جو جان لیوا ثابت ہوا۔