اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے ریڈ زون بشمول بلیو ایریا میں احتجاجی سرگرمیوں پر پابندی کی سفارش کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت برطانیہ میں ہائیڈ پارک کی طرز پر احتجاج کیلئے ایک مخصوص جگہ مختص کرے،احتجاجی سرگرمیوں کیلئے موزون ترین جگہ ایف نائین پارک ہے، حکومت نے 461 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالے ہوئے ہیں جن میں 6 ارکان قومی اسمبلی بھی شامل ہیں ،خیبر پختونخواہ کی جیلوں میں کل 18 قیدی ایڈز کی بیماری میں
مبتلا ہیں۔پیر کو قومی اسمبلی اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے ریڈ زون بشمول بلیو ایریا میں احتجاجی سرگرمیوں پر پابندی کی سفارش کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت برطانیہ میں ہائیڈ پارک کی طرز پر احتجاج کیلئے ایک مخصوص جگہ مختص کرے۔ انہوں نے کہا کہ احتجاجی سرگرمیوں کیلئے موزون ترین جگہ ایف نائین پارک ہے، اسلام آباد کی مجاز اتھارٹی شکر پڑیاں گراؤنڈ کو ڈیموکریسی پارک قرار دے چکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اسلام آباد کے عوام کے بہتر مفاد میں دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے ای سی ایل میں ڈالے گئے 461 افراد کی فہرست قومی اسمبلی میں پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ان افراد میں 6 ارکان قومی اسمبلی کے نام بھی شامل ہیں اور یہ تمام نام وفاقی کابینہ کے فیصلے کے تحت ای سی ایل میں ڈالے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آصف علی زرداری ،خواجہ سعد رفیق، علی وزیر، محسن داوڑ ،محمد افضل کاکڑ ، سابق وزیراعظم محمد نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز شریف اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے نام ای سی ایل میں ڈالے گئے تھے جن میں سے تین ارکان قومی اسمبلی کے نام ای سی ایل سے نکال دیئے گئے ہیں ان ارکان میں بلاول بھٹو زرداری، علی وزیر اور محسن داوڑ شامل ہیں۔وزیر داخلہ نے بتایا کہ آصف زرداری، خواجہ سعد رفیق اور افضل کاکڑ کے نام تاحال ای سی ایل میں شامل ہیں،آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کے نام ایف آئی اے کی سفارش پر ای سی ایل میں ڈالے گئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ محسن داوڑ اور علی وزیر کے نام حکومت اور سکیورٹی اداروں کیخلاف نفرت انگیز تقاریر کرنے پر
ای سی ایل میں ڈالے گئے تھے جبکہ خواجہ سعد رفیق کانام نیب کی سفارش پر ای سی ایل میں ڈالا گیا ہے۔وقفہ سوالات کے دوران وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کی جانب سے 2018 ء میں حکومت اور تحریک لبیک کے درمیان معاہدے کے حوالے سے قومی اسمبلی کو تحریری طور پر آگاہ کیا گیا کہ تحریک لبیک پاکستان اور حکومت کے درمیان معاہدہ حکومت پنجاب نے معاہدہ لاہور میں کروایا،نظر ثانی کی درخواست پہلے ہی دائر کی جاچکی تھی جسے قانون کے تحت تسلیم کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ای سی ایل میں آسیہ مسیح کا نام شامل کرنے کیلئے قانونی طریقے پر عمل کیا جانا تھا۔ قومی اسمبلی کو بتایا گیا کہ خیبر پختونخواہ کی جیلوں میں کل 18 قیدی ایڈز کی بیماری میں مبتلا ہیں ،سینٹرل جیل پشاور کے 6، بنوں، مردان جیل کے 2 دو قیدی ایڈز کے مریض ہیں،تیمر گرہ جیل کا 1 ایبٹ آباد جیل میں 3 اور صوابی جوڈیشل لاک اپ میں 4 قیدی ایڈز میں مبتلا ہیں۔وزارت خزانہ کی طرف سے تحریری طور پر قومی اسمبلی کو بتایا گیا کہ یکم جون 2018 سے اب تک ڈالر کی قیمت میں اضافے سے بیرونی قرضہ 1 ہزار 657 ارب روپے مزید بڑھ گیا ہے، مالی سال 2009 سے 2013 تک جی ڈی پی کی شرح نمو 2.8فیصد تھی ،مالی سال 2014 میں شرح نمو 4 فیصد تھی، مالی سال 2018 میں جی ڈی پی کی شرح نمو 5.2 فیصد تھی،مالی سال 2019 کے 8 ماہ کے دوران درآمدات میں 1.85 فیصد کا اضافہ ہوا ۔